نئی دہلی، 20 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ویلفیئرپارٹی کے زیرِ اہتمام کل رات وکاس پوری میں شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے پارٹی کارکنان نے کینڈل مارچ نکالا ۔ مارچ میں شرکت کرتے ہوئے پارٹی کے دہلی صوبائی صدر سراج طالب نے کہاکہ اس وقت پورے ملک کی عوام غم میں ڈوبی ہوئی ہے ۔ عوام میں زبردست غم و غصہ پایا جارہاہے ۔ ایسی حالت میں ہم وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ چناوی ریلیوں کو چھوڑ کر اس پورے معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کرائیں اور شہیدوں کے گھر والوں کو مناسب معاوضہ دیں ۔سراج طاب نے مزید کہاکہ اس مصیبت اور غم کی گھڑی میں ہم شہیدجوانوں کی اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔اس موقع پر ڈبلیو پی آئی کے دہلی صوبائی تنظیمِ سیکریٹری محمد عارف اخلا ق نے کہاکہ آج وطن عزیزکے لوگ غم کی حالت میں ہیں اوران میں زبردست غصہ پایا جا رہاہے ۔ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ آ پ ملک کے نظم نسق بگڑنے نہ دیں اورقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا احتجاج کریں۔محمد عارف اخلاق نے مزید کہاکہ اس معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ ہونا بہت ضروری ہے ۔ کینڈل مارچ میں مختلف مذاہب کے ماننے والے تقریباً200افراد شریک ہوئے ۔ اس کے علاوہ حاجی نظام الدین ، گورو منیش راجپوت، سُمت گرجر،اکھل تیاگی ،سبحانی مسجد سے شمس الدین توفیق،محمد ساجد ، محمد مشیر،محمد نوشاد ، محمد رضوان ، سمت والمیکی اور توفیق قریشی ، محمد عمران ، محمد آصف ،اور عمردراز سمیت ایک بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔